Book Details | |
ISBN | 978-969-652-074-0 |
No. of Pages | 272 |
Format | Hardcover |
Publishing Date | 2016 |
Language | Urdu |
الطاف فاطمہ 10جون 1927ءکو لکھنومیں پیدا ہوئیں۔وہ درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ رہیں، ریڈیو پاکستان کے لیے براڈ کاسٹنگ بھی کرتی رہیں۔ الطاف فاطمہ، پاکستان کی معروف ادیبہ ہیں۔ان کا تخیل بھرپور، نثرمسحور کن، کردار نگاری جان دار، منظر کشی اور جزیات نگاری طلسماتی حد تک دلآویز ہے جس باعث ان کی تحریریں پڑھنے والے کو اپنی گرفت میں لیے رکھتی ہیں۔
”نشانِ محفل“ ان کا پہلا ناول ہے ،یہ شاہکار ناول انہوں نے اپنے زمانہ¿ طالب علمی میں تحریر کیا تھا۔ ان کا یادگار ناول ”دستک نہ دو“ نصاب کا حصہ ہے۔ قلم کی روانی اور ادب کے ساتھ تعلق داری برقرار ہے، ادبی جریدوں میں ان کی تحریریں سامنے آتی رہتی ہیں۔ انہوں نے عالمی ادب پاروں کے اردو تراجم بھی کیے۔ہارپر لی کے شہرہ آفاق ناول To Kill a Mocking Bird کا اردو ترجمہ ”نغمے کا قتل“ کے نام سے کرچکی ہیں جسے اردو ترجمے میں ایک مثال کی حیثیت حاصل ہے۔ اس کے علاوہ بنگالی، مراٹھی، تامل، گجراتی اور ہندی افسانے؛ لاطینی امریکی خواتین اور جاپانی خواتین کے افسانوں اور ایلسا مارسٹن کی مشرقِ وسطیٰ سے متعلق کہانیوں کو بھی اردو کے پیرہن میں ڈھال چکی ہیں۔
”خواب گر“ جھیل سدپارہ کے اردگرد آباد حسین پہاڑی بستیوں اور ان کے سادہ و پُرخلوص باسیوں کے طرزِزندگی کی عکاسی کرتا ایک منفرد تجربہ ہے۔ کسی صورت سفرنامہ نہ ہونے کے باوجود، آپ دھند اور کہرے میں، برف زاروں میں دھنسے، ٹیڑھی میڑھی پہاڑی پگڈنڈیوں پر، الطاف فاطمہ کے قلم کے ساتھ سفر کرتے ہیں۔ قیامِ پاکستان سے پہلے بامِ دنیا یعنی بلتستان اور سکردو کی بلندیوں سے اتر کر لداخ اور سکم کے درّوں پر پیدل رواں،شملہ اور پھر میدانوں میں لاہور جیسے شہروں میں پہنچ کر رزق کی تلاش میں بھٹکتے ان بلتی مسافروں کی داستان جو سال ہا سال گھر کی شکل دیکھنے کو ترستے، اپنی زمین سے دُور لیکن اپنی جڑوں سے پیوست رہتے۔ ایک خواب کی تعبیر کے منتظر ”خواب گر“ کے رتجگوں کی کہانی۔